ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ہفت مدر ننکانہ میں کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے سروے ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے غلط ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجراء پر یونین کونسل سیکرٹری کو فوری طور پر معطل کردیا۔ اس موقع پر مریم خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی میں معمولی کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تحصیلدار ہفت مدر کو ہدایت دی کہ دو دن کے اندر تمام وراثتی کیسز نمٹا کر رپورٹ جمع کرائی جائے۔
کمشنر لاہور نے ہدایت دی کہ نادرا اور ریونیو کے خصوصی کاونٹرز آج ہی قائم کیے جائیں، جو ہفتہ اور اتوار کو بھی فعال رہیں گے تاکہ عوام کو فوری سہولت فراہم ہو۔ مریم خان نے فلڈ نقصانات کے تخمینے کے لیے فیلڈ میں مصروف سروے ٹیموں کا خود آن فیلڈ معائنہ کیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں جگداچک اور ننکانہ میں گھروں پر جا کر متاثرین سے ان کے نقصانات اور سروے ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک اور غیر مالک دونوں طرح کے زمین داروں کو نقصان کے ازالے کا حق دیا جائے گا تاکہ کسی متاثرہ خاندان کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔