ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی علمی و فکری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میاں عابد

تفصیل کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی سیکرٹریٹ میں ممتاز مذہبی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کے انتقال پر تعزیتی نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلعی صدر میاں عابد علی نے کی۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید سمیت ضلع بھر کے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے عہدیداران نے شرکت کی۔

میاں عابد علی نے تعزیتی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کے لیے علمی و فکری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی مذہبی فرقہ واریت کے خلاف جدوجہد اور فتنہ خوارج کے رد میں کی جانے والی کاوشیں امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

ضلع جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے کہا کہ حافظ عبدالرحمن مکی کشمیری اور فلسطینی مظلوم مسلمانوں کی آواز تھے اور ان کا وصال ایک ایسے علمی و فکری خلا کا باعث بنا ہے جس کو کبھی پر نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی جدوجہد نے پاکستان میں اتحادِ امت کے تصور کو مضبوط کیا اور ان کی رہنمائی سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

تعزیتی نشست میں شریک دیگر احباب نے بھی پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو ایک بہترین متقی اور پرہیزگار انسان قرار دیا اور ان کی علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تعزیتی نشست کے اختتام پر ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے اعلان کیا کہ ضلع بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں حافظ عبدالرحمن مکی کی دینی، سیاسی، سماجی اور جماعتی خدمات پر ان کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

Shares: