ننکانہ صاحب( احسان اللہ ایاز کی رپورٹ) ضلع ننکانہ صاحب میں ایچ پی وی ویکسین مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول میں بچیوں کو ویکسین لگوا کر مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد روحیل اختر، سی او ایجوکیشن شازیہ بانو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
حکومت پنجاب کی سرپرستی میں عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسف کے تعاون سے یہ مہم 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ پاکستان میں پہلی بار سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے قومی ویکسینیشن مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بروقت ویکسین بچیوں کی صحت کی ضامن ہے اور یہ اقدام آئندہ نسلوں، خصوصاً خواتین کو کینسر جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ حکام نے شہریوں کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین محفوظ ہے اور اس کے کوئی سائیڈ ایفیکٹس نہیں ہیں۔
ضلع بھر میں 90 ٹیمیں یونین کونسل کی سطح پر اسکولوں، مدارس، ہسپتالوں اور کمیونٹی مراکز پر بچیوں کو ویکسین فراہم کر رہی ہیں۔