ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ویجلنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، محکمہ لیبر، سوشل ویلفیئر، ماحولیات و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ لیبر ویلفیئر مزدوروں کی کم از کم تنخواہ 40 ہزار روپے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ رواں ماہ 160 سے زائد اداروں کی چیکنگ کی گئی، خلاف ورزی پر 35 ہزار روپے جرمانہ اور 102 چالان عدالتوں میں بھجوائے گئے۔ چائلڈ لیبر کے خلاف 5 ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ بانڈڈ لیبر کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محکمے بانڈڈ لیبر کے خلاف سخت کارروائی کریں، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مارکیٹوں اور بازاروں کی سطح پر نگرانی بڑھائی جائے، کم اجرت دینے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے، اور صنعتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ حفاظتی اقدامات نہ کرنے والے صنعتی یونٹس کو سیل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔