ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گرو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے شعبہ کیمسٹری کے زیرِ اہتمام "تجزیاتی درستی: کوالٹی ایشورنس کے لیے کرومیٹوگرافی طریقہ کار” کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا، جس میں ملک کے ممتاز ماہرین تعلیم اور محققین نے شرکت کی۔

سیمینار میں انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، یونیورسٹی آف سرگودھا کے پروفیسر ڈاکٹر فاروق انور اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن فیصل آباد کیمپس کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال نے خصوصی لیکچرز دیے۔ ڈاکٹر فاروق انور نے کرومیٹوگرافی کی اقسام، طریقۂ کار اور اس شعبے میں ہونے والی جدید پیش رفت پر تفصیلی روشنی ڈالی، جب کہ ڈاکٹر شاہد اقبال نے فنکشنل فوڈز اور نیوٹراسوٹیکلز میں کرومیٹوگرافی کی افادیت اور سائنسی اہمیت پر جامع گفتگو کی۔

سیمینار کے اختتامی سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد، چیئرمین شعبہ بوٹنی و ڈائریکٹر اکیڈمکس نے مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ سیمینار کی منتظم ڈاکٹر سمیرا نعیم، انچارج شعبہ کیمسٹری تھیں، جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی میں مس عمارہ ارشاد، ڈاکٹر منزہ مقبول، ڈاکٹر حمیرہ اقبال، مس انسا مقبول اور ڈاکٹر یاسر اقبال شامل تھے۔

یہ علمی تقریب فیکلٹی اور طلبہ کو تجزیاتی کیمیا میں جدید سائنسی تکنیکوں سے روشناس کرانے اور سیکھنے کا نادر موقع فراہم کرنے میں کامیاب ثابت ہوئی۔

Shares: