ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگار احسان اللہ ایاز) گورنمنٹ گورونانک گریجویٹ کالج ننکانہ صاحب میں شعبہ پنجابی کے زیر اہتمام مادری زبان کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت پرنسپل ڈاکٹر محمد جمیل شاہ نے کی، جبکہ پنجابی کے معروف شاعر رائے محمد خان ناصر سمیت مختلف پروفیسرز اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد حسن رائے نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی سب سے بڑی شناخت ان کی مادری زبان ہے، اور اس سے دوری ان کی ثقافتی پہچان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ معروف شاعر رائے محمد خان ناصر نے پنجابی زبان کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ والدین، خصوصاً مائیں، اگر گھروں میں پنجابی بولیں گی تو آنے والی نسلیں اس زبان سے جڑی رہیں گی۔
سیمینار میں پنجابی شلوک، بولیاں، ماہیا اور ٹپے بھی پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ پرنسپل ڈاکٹر جمیل شاہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجابی زبان اور ثقافت کے فروغ کے لیے ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رہے گا۔
سیمینار کے بعد پنجابی زبان کے عالمی دن کے موقع پر ایک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں پنجاب میں پنجابی زبان کے نفاذ کے لیے حکومت سے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔







