ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) مون سون کی پہلی ہی بارش نے ننکانہ صاحب میں میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ شہر کے مختلف علاقے، جن میں حرا چوک، ڈاکٹر والا بازار، ہاؤسنگ کالونی، کلمہ چوک اور کیارہ صاحب شامل ہیں، بارش کے پانی میں ڈوب گئے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

میونسپل کمیٹی کے افسران کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے شہر کا سیوریج کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ معمولی بارش بھی سیوریج کے پانی کو گلیوں اور بازاروں میں لے آتی ہے، جس سے بدبو اور گندگی کا راج قائم ہو جاتا ہے۔

شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے بلند و بانگ دعوے مون سون کی بارش کے ساتھ ہی حقیقت سے دور ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ننکانہ کے سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کی پریشانیوں سے بچا جا سکے۔

Shares: