ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) تحفظ ختم نبوت کونسل ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام "عقیدہ ختم نبوت اور ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان سے ایک عظیم الشان ٹیچرز کنونشن مقامی شادی ہال میں منعقد ہوا۔ کنونشن کی صدارت امیر جماعت تحفظ ختم نبوت کونسل، حبیب احمد عابد نے کی۔
کنونشن کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت علامہ قاری فیض نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ محمد لطیف نے پیش کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ثاقب رضا گیلانی، علامہ مولانا محمد نوید اقبال چشتی، اور سرپرست تحفظ ختم نبوت کونسل محمد متین خالد نے عقیدہ ختم نبوت کے موضوع پر مدلل اور جامع گفتگو کی۔

محمد متین خالد نے اپنے خطاب میں اساتذہ کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم و تدریس ایک عظیم شعبہ ہے اور اساتذہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ طلبا میں عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے قیمتی ایمان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اساتذہ کا کردار کلیدی ہے۔

جماعت کی جانب سے عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت و فضیلت کے موضوع پر لٹریچر تقسیم کیا گیا، جبکہ شرکاء نے کونسل کی رکنیت بھی حاصل کی۔
ٹیچرز نے کنونشن کے مقاصد کو سراہتے ہوئے مزید ایسے پروگرامز کے انعقاد پر زور دیا۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی ضیافت کے لیے پرتکلف کھانے کا انتظام کیا گیا۔
یہ کنونشن عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اساتذہ کو ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوا۔








