ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلع ننکانہ صاحب نے پولیو مہم میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ محکمہ صحت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق اس کامیابی کا سہرا ضلعی قیادت اور ٹیم ورک کو جاتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی متحرک قیادت، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی کی حکمت عملی، اور پولیو فوکل پرسن محمد نواز دیرتھ کی انتھک محنت نے اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے خود فیلڈ میں جا کر نگرانی کی، جبکہ ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے غیر سرکاری ورکرز کے بجائے محکمہ تعلیم کے اساتذہ کو شامل کر کے مہم کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا۔
پولیو فوکل پرسن محمد نواز دیرتھ نے مہم کے دوران ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا اور تمام مسائل کا فوری حل نکالا۔ ضلعی قیادت نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ اس مہم میں اساتذہ اور پولیس کا بھی اہم کردار رہا، جبکہ پولیو ورکرز کی انتھک محنت نے کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ننکانہ صاحب کی یہ کامیابی دیگر اضلاع کے لیے ایک مثال ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ اگر تمام ادارے مل کر کام کریں تو پولیو جیسے مرض کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔