ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) گندم کی دوسرے اضلاع میں غیر قانونی منتقلی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے رات گئے موٹروے انٹرچینج کا ہنگامی دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ناکوں پر تعینات عملے کی حاضری چیک کی اور اپنی نگرانی میں مختلف مشکوک گاڑیوں کی تلاشی کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شدید سردی اور سخت موسم کے باوجود تندہی سے فرائض سرانجام دینے والے ملازمین کو شاباش دی اور انہیں ہدایت کی کہ گندم کی ہر قسم کی غیر قانونی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ضلع میں گندم کے ذخائر اور عوامی ضرورت کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں گندم کی اسمگلنگ کے خلاف دفعہ 144 نافذ العمل ہے اور اس سلسلے میں تمام خارجی و داخلی راستوں پر خصوصی ناکہ جات قائم کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے واضح کیا کہ گندم کی اسمگلنگ ایک غیر قانونی عمل ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مزید الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گندم کی منصفانہ تقسیم اور ذخیرہ اندوزوں کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس مشن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Shares: