ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں شجرکاری، آگاہی ریلی اور سیمینار شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی قیادت میں بچیانہ روڈ کے دونوں اطراف شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا، جس میں ضلعی افسران، طلبہ اور شہریوں نے بھرپور حصہ لیا۔ اسی سلسلے میں ضلع کونسل ہال میں ماحولیاتی تحفظ کے موضوع پر آگاہی سیمینار بھی منعقد کیا گیا۔

مزید برآں، ڈی سی آفس سے گوردوارہ جنم استھان تک ایک بڑی آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات فوزیہ اکرم، تاجر برادری، طلبہ، سول سوسائٹی اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راو نے خطاب میں کہا کہ ماحولیات کا تحفظ قومی فریضہ ہے اور ہمیں گلی محلوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ درخت لگانے کی بھی عادت اپنانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زیرو پلاسٹک و زیرو پلوشن ڈے منایا جا رہا ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شاپر بیگز کا استعمال ترک کریں، دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور ماحول دوست طرز زندگی اپنائیں۔ قدرتی ماحول کے بغیر زندگی ممکن نہیں، اس لیے حکومت، انتظامیہ اور عوام کو مل کر ماحول کا تحفظ یقینی بنانا ہو گا۔

Shares: