ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام "متحد قوم فاتح پاکستان” کے عنوان سے ایک آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم اسٹوڈنٹس لیگ، تاجر برادری، وکلاء اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مقررین میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب کے صدر حمید الحسن گجر، پاکستان پیپلزپارٹی لاہور ڈویژن کے صدر رائے شاہ جہان احمد بھٹی، مسلم سٹوڈنٹس لیگ پاکستان کے سیکرٹری جنرل عمر عباس اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے صدر میاں عابد شامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ "معرکہ حق” اور "آپریشن بنیان المرصوص” میں پاک فوج نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا کر 1971 میں پاکستان کے خلاف کی گئی سازشوں کا بدلہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی کامیابی کے بعد پوری قوم اس سال یوم آزادی بھرپور جوش و خروش سے منا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اس سال "ہفتہ یوم آزادی” منا رہی ہے اور 14 اگست کو گول چکر ننکانہ صاحب میں ایک بڑی "متحد قوم فاتح پاکستان کانفرنس” منعقد کی جائے گی، جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ 10 مئی کو پوری قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے اسی طرح کے اتحاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو پاکستان کا جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔ یہ وقت جھگڑوں اور اختلافات کا نہیں بلکہ متحد ہونے کا ہے، اور بلوچستان میں بھارت کی تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے دفاعِ وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے پاک فوج کے شہداء کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔