وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریئٹ اور امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق اتوار کو ہونے والی ان ملاقاتوں میں پاکستان کی جانب سے برطانیہ اور امریکا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ کے ساتھ تعلقات 5 سال کے وقفے کے بعد فضائی آپریشنز کی بحالی اور اسلام آباد میں نئے سینٹر آف ایکسی لینس کے افتتاح جیسے اقدامات سے ازسرِنو فعال ہوئے ہیں، جبکہ امریکا کے ساتھ روابط سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق بات چیت کے دوران منشیات کے خلاف کارروائی، انسانی اسمگلنگ اور سیکیورٹی کے معاملات میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔محسن نقوی نے برطانیہ کی حکومت اور ہائی کمشنر جین میریئٹ کا پانچ سال بعد فضائی آپریشن کی بحالی پر شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے 5 سال کے بعد برطانیہ کے لیے پروازیں بحال کر دی ہیں، اسلام آباد سے پہلی پرواز 350 مسافروں کو لے کر مانچسٹر روانہ ہوئی۔
قومی ایئرلائن کو برطانیہ میں پروازوں کے آغاز کے لیے تھرڈ کنٹری آپریٹر کی منظوری ملی تھی، اور دوسرے مرحلے میں برمنگھم اور لندن کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی۔جولائی میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ’ایئر سیفٹی لسٹ‘ سے نکال دیا تھا، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز کو دوبارہ برطانوی فضائی حدود میں پروازوں کی اجازت ملی۔
افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام ، 25 دہشت گرد ہلاک، 5 جوان شہید
اسموگ ، پنجاب بھر میں اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی
ٹک ٹاک معاہدے کی تفصیلات طے،چین سویا بین دوبارہ خریدے گا: امریکی وزیر خزانہ











