نارنگ منڈی (نامہ نگار محمد وقاص قمر) شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ عوامی مقامات پر خونخوار کتوں کی موجودگی شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے، لیکن متعلقہ محکمے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کر رہے۔

شہر کی گلیوں، بازاروں، ریلوے اسٹیشن، بینکوں، سرکاری عمارتوں اور پارکس میں درجنوں آوارہ کتے ٹولیوں کی شکل میں گھومتے پھرتے ہیں۔ شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے، بچے باہر نکلنے سے ڈرتے ہیں اور خواتین و طالبات کا بازار اور تعلیمی اداروں میں جانا بھی دشوار ہو چکا ہے۔

اس صورتحال پر محکمہ صحت اور بلدیہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال رہے ہیں، جس کی وجہ سے یہ مسئلہ حل طلب ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ سے اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لینے اور آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: