نارنگ منڈی (نامہ نگار محمد وقاص قمر) گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج نارنگ منڈی میں پہلے سال کے طلبہ کے اعزاز میں تعارفی تقریب منعقد کی گئی۔ کالج انتظامیہ نے نئے طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں تعلیمی سفر کے نئے مرحلے پر خوش آمدید کہا۔
تقریب کے دوران کالج کے نئے ہال کا افتتاح بھی کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق یہ ہال طلبہ کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم سہولت فراہم کرے گا۔
اس موقع پر پرنسپل پروفیسر تنویر ورک اور وائس پرنسپل ملک قیصر حمید نے کہا کہ آج کا دن طلبہ کے روشن مستقبل کی جانب ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ ادارہ بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور یہاں ہائی کوالیفائیڈ اسٹاف موجود ہے جو طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں معاشرے کے بہترین شہری بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی تعلیمی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں اور امید ہے کہ طلبہ علم حاصل کر کے ملک و قوم کے لیے مفید اور باصلاحیت شہری بن کر ابھریں گے تاکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں۔








