نارنگ منڈی(باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدوقاص) نارنگ کا سرکاری ہسپتال نااہل اور لاپرواہ انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس پر محکمہ صحت کے افسران کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دیہی مرکز صحت نارنگ کو نجی شعبے کے حوالے کرنا ایک غلط فیصلہ تھا۔
ہسپتال کے عملے کی لاپرواہی اور بدتمیزی کی شکایات عام ہیں۔ حال ہی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک شہری عابد فاروقی کے علاج کے دوران بھی طبی عملے کی نااہلی کھل کر سامنے آئی۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز فون کالز میں مصروف رہتے ہیں اور کئی کئی گھنٹے تک شنوائی نہیں ہوتی۔
شہریوں نے ہسپتال کو فوری طور پر نااہل ٹھیکیداروں سے واپس لے کر اس کا انتظام حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کسی صورت بھی مریضوں کو ریلیف نہیں دے سکتے، اور ہسپتال کو نجی شعبے میں دینے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی شرائط بھی پوری نہیں کی گئیں اور نااہل لوگ مریضوں کا چیک اپ کر رہے ہیں۔
اس صورتحال نے محکمہ صحت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے کہ بغیر کسی تصدیق اور تحقیق کے اس ہسپتال کو نجی ٹھیکیداروں کے حوالے کیوں کیا گیا۔