نارنگ منڈی (نامہ نگار محمد وقاص قمر کی رپورٹ)سرکاری اساتذہ کے پرائیویٹ سکول اور اکیڈمیاں، ایک تشویشناک صورتحال
تفصیل کے مطابق حکومتی احکامات کی پابندی کے باوجود سرکاری اساتذہ نے اپنے پرائیویٹ سکول اور اکیڈمیاں کھول رکھی ہیں۔ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے کیونکہ اس کی وجہ سے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی توجہ کم ہو جاتی ہے اور وہ اپنے نجی اداروں پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔
حال ہی میں میٹرک کے نتائج میں ناقص کارکردگی کے بعد سی او ایجوکیشن نے گورنمنٹ ہائی سکول گھڑیال کلاں، گورنمنٹ ہائی سکول نارنگ، گورنمنٹ ہائی سکول رفیق آباد اور جنڈیالہ کلساں سمیت 6 سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز سے جواب طلبی کی تھی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب سرکاری اساتذہ سرکاری سکولوں کی بجائے اپنے پرائیویٹ نجی تعلیمی اداروں پر توجہ دیں گے تو امتحانی نتائج ایسے ہی ملیں گے۔
وزارت تعلیم کی سخت پابندیوں کے باوجود سرکاری اساتذہ کا اپنے پرائیویٹ سکول اور اکیڈمیاں چلانا ایک سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔