نارنگ منڈی (نامہ نگارمحمدوقاص) نارنگ منڈی اور اس کے گرد و نواح میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں ڈاکوؤں نے شہریوں سے لاکھوں روپے نقد، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا، جبکہ چوری کی وارداتوں میں مویشی، زرعی آلات اور قیمتی سامان بھی چوری ہوا ہے۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

تاحال کی تفصیلات کے مطابق، اسامہ اور مبین موٹر سائیکل پر سوار ہو کر نارنگ آ رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پر روک کر ان سے 2 لاکھ روپے نقد، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا۔ ایک اور واردات میں، رفیق آباد کے رہائشی رضوان اور تابش کو بھی ڈاکوؤں نے لوٹ لیا اور ان سے موبائل فون اور ہزاروں روپے نقد چھین کر فرار ہو گئے۔

اسی طرح، چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ نواحی گاؤں کیرانوالی کے رہائشی اکرام کی 5 لاکھ روپے مالیت کی نسلی بھینس چوری ہو گئی۔ کجلہ گاؤں سے زمیندار رب نواز کے دو ٹریکٹر، چین ٹائر اور دیگر زرعی آلات بھی چور لے اڑے۔ تھلی والا کے رہائشی سجاد کا موبائل فون اور موٹر سائیکل کے سپیئر پارٹس بھی چوری ہو گئے۔ اس کے علاوہ، میرووال کے رہائشی مزمل کے کھیتوں سے لاکھوں روپے مالیت کا پیٹر انجن اور دیگر زرعی سامان بھی چوری کر لیا گیا۔

ان واقعات کے بعد علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ مقامی افراد نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ان وارداتوں کو روکنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ تھانہ نارنگ پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

Shares: