نارنگ منڈی (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد وقاص)نارنگ منڈی کے نواحی گاؤں لدھیکے سٹاپ پر واقع ایک ہوٹل پر خوفناک ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں چھ نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر ہوٹل سے 85 ہزار روپے نقدی لوٹ لی اور فرار ہونے سے قبل ہوٹل مالک پر انسانیت سوز تشدد کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو واردات کے دوران نہایت سنگدلی سے پیش آئے۔ ہوٹل مالک کو شدید مار پیٹ کا نشانہ بنایا گیا اور مبینہ طور پر اس کے نازک حصے میں زہریلا مواد ڈال دیا گیا، جس سے اس کی حالت نازک ہو گئی۔ متاثرہ شخص کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں اہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
علاقہ مکینوں میں واقعے کے بعد شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ عوام نے پولیس کی ناکامی پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نواحی دیہات میں جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہو چکے ہیں اور پولیس کی رٹ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس انسانیت سوز واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں سیکیورٹی کے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس ہو سکے۔