نارنگ منڈی (نامہ نگار باغی ٹی وی محمد وقاص قمر) نارنگ شہر اور اس کے گردونواح میں ناقص، غیر معیاری اور مضر صحت جعلی مشروبات کی کھلے عام فروخت جاری ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر کی عام دکانوں پر غیر رجسٹرڈ، نامعلوم کمپنیوں کے کولڈ ڈرنکس اور جوسز بلا روک ٹوک فروخت ہو رہے ہیں جن کے استعمال سے متعدد شہریوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اہل علاقہ نے بتایا کہ یہ جعلی مشروبات نہ صرف انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں بلکہ بچوں میں پیٹ، جگر اور دیگر بیماریوں کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ ان مشروبات کی فروخت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس سے مقامی انتظامیہ کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کوئی چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں، ان کا عملہ دفتروں تک محدود ہے اور موقع پر کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے۔
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکریٹری فوڈ اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے اور جعلی مشروبات کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کی صحت کو لاحق خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔