نارنگ منڈی (نامہ نگار محمد وقاص قمر)لاہور،نارنگ،نارووال،سیالکوٹ ریلوے سیکشن پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوشخبری! سٹی پریس کلب نارنگ کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں اس سیکشن پر چلنے والی تمام مسافر ٹرینوں کی بوگیوں کی تعداد بڑھا کر 10 کر دی گئی ہے۔
سٹی پریس کلب نارنگ منڈی کی جانب سے طویل عرصے سے مذکورہ ریلوے سیکشن پر بوگیوں کی کمی اور مسافروں کو درپیش شدید مشکلات کے خلاف آواز بلند کی جا رہی تھی۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما چوہدری فرحان شوکت ہنجراء نے لیاقت بلوچ کے ہمراہ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات کی اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اعلان کیا کہ 15 اگست 2025 سے سیالکوٹ ایکسپریس، لاثانی ایکسپریس، فیض احمد فیض ایکسپریس اور نارووال پیسنجر سمیت اس سیکشن پر چلنے والی تمام مسافر ٹرینوں میں بوگیوں کی تعداد 10 کر دی جائے گی تاکہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس اہم پیشرفت پر سٹی پریس کلب نارنگ، جماعت اسلامی کے رہنما چوہدری فرحان شوکت ہنجراء، ڈیلی پیسنجر ایسوسی ایشن کے رہنما حافظ عبدالقیوم، حسن ریحان نارنگ کمیونٹی اور متعدد مسافروں نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اسے عوامی ریلیف کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔
یہ اقدام نہ صرف مسافروں کی سفری مشکلات میں کمی لائے گا بلکہ ٹرینوں پر بڑھتے ہوئے بوجھ کو بھی مؤثر طریقے سے سنبھالنے میں مدد دے گا۔