کنڈیارو: کنڈیارو میں گھریلو ناچاقی کے باعث ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک ناراض شوہر نے اپنی بیوی، بچوں اور سسر کو زہریلا مشروب پلا کر ہلاکت کی کوشش کی۔ افسوسناک طور پر اس واقعے میں بیوی کا والد جان کی بازی ہار گیا، جبکہ بیوی اور بچے انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی بیوی اپنے شوہر کے ناروا سلوک سے تنگ آکر عدالت سے طلاق لینے کے لیے رجوع کر چکی تھی، جس پر شوہر شدید غصے میں تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنے پڑوسی کے کم عمر بچے کے ذریعے زہریلا مشروب اپنی بیوی کے میکے بھیجا، جہاں وہ اپنے والد کے گھر رہائش پذیر تھی۔پولیس کے مطابق زہریلا مشروب پینے کے بعد بیوی کے والد کی حالت بگڑ گئی جس پر اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔ بیوی اور بچے بھی زہر کے اثر سے شدید متاثر ہوئے جنہیں پہلے کنڈیارو اسپتال لے جایا گیا، بعد ازاں حالت تشویشناک ہونے پر انہیں گمبٹ کے بڑے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت اب بھی نازک بتائی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا ہے، جس کی تلاش کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

Shares: