بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں پٹ فیڈر کینال کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں ریلوے کا ایک ملازم جاں بحق ہوگیا، جبکہ ریلوے لائن کو جزوی نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے جعفر ایکسپریس ایک بڑے حادثے سے محفوظ رہی۔
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک پر ٹائم بم نصب کیا تھا۔ یہ وہی پٹڑی تھی جس سے کچھ ہی دیر بعد جعفر ایکسپریس گزرنے والی تھی۔ تاہم دھماکا ٹرین کی آمد سے قبل ہی ہوگیا جس کے باعث ایک ممکنہ تباہ کن سانحہ ٹل گیا۔دھماکے کے فوراً بعد پولیس، لیویز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں واضح ہوا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول یا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔
ایس ایس پی نصیرآباد غلام سرور کے مطابق دھماکے سے ریلوے لائن کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جب کہ ریلوے کے ایک ملازم کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ واقعے کے بعد مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کردی گئی اور جعفر ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کو قریبی ریلوے اسٹیشنوں پر روک لیا گیا۔محکمہ ریلوے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی شبہ عسکریت پسند عناصر پر ظاہر کیا جا رہا ہے جو ماضی میں بھی بلوچستان میں ریلوے ٹریکس کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹرین سروس بحال کر دی جائے گی، جبکہ واقعے کے ذمے داروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔








