ہماری آزادی اور امن و استحکام شہدا کی قربانیوں کی مرہون منت ہے. آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

0
53

ہماری آزادی اور امن و استحکام شہدا کی قربانیوں کی مرہون منت ہے. آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہماری آزادی اور امن شہدا کی بے مثال قربانیوں کا مرہون منت ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان سے متعلق اپنے خصوصی پیغام میں مزید کہا کہ شہدا کی بے مثال قربانیوں کی بدولت ہی ہمارا پرچم سربلند ہے۔ قوم ہمارے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔


آرمی چیف نے کہا کہ 6ستمبر افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ عظیم قوم کی حمایت سے مسلح افواج تمام مشکلات کے باوجود مادر وطن کی حفاظت کےلیے پرعزم ہے۔

دریں اثنا امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے بھی یوم دفاعِ پاکستان پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چھ ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، یہ دن پاکستانی قوم کے بے مثال اتحاد اور پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے، پوری قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی جارحیت کو شکست فاش دی۔

سربراہ پاک بحریہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ دن شہداء اور غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے، پاک بحریہ عہد حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھی ہمہ وقت تیار ہے۔ نیول چیف کے مطابق پاک بحریہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کی ہرممکن مدد کيلئے کوشاں ہے۔ آج ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے اپنے عزم کو دہراتے ہیں۔

یومِ دفاع کی مناسبت سے پاک فضائیہ کی جانب سے خصوصی پیغام بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ یوم دفاع ان عظیم قربانیوں کی لازوال داستان ہے جو 1965 کی جنگ میں افواج پاکستان کے جوانوں نے وطن کے لیے لڑتے ہوئے پیش کی۔ ملک کے دفاع اور دہشت گردی کےخلاف جنگ میں افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جو قربانیاں پیش کی ہیں تاریخ میں انکی مثال نہیں ملتی

واضح رہے کہ 31 اگست کو پاک افواج کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے جی ایچ کیو میں منعقد کی جانے والی 6 ستمبر کی تقریب منسوخ کردی گئی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کو یوم دفاع اور شہدا کے حوالے سے جی ایچ کیو میں تقریب میں انعقاد کیا گیا تھا، جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کو شرکت کرنا تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج سیلاب میں پھنسے بھائیوں کی مدد اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف و امداد کے کام کو جاری رکھے گی۔

Leave a reply