اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی آئی اے) نے سیکٹر جی-10 مرکز میں ایک غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ اس غیر قانونی کال سینٹر میں پانچ غیر ملکی باشندے اور 60 سے زائد پاکستانی لڑکے اور لڑکیاں کام کر رہے تھے۔

این سی آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مار کر کارروائی کے دوران تمام پانچوں غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے، جو غیر قانونی طور پر کال سینٹر چلا رہے تھے۔ اس کال سینٹر کے ذریعے مختلف فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیاں انجام دی جا رہی تھیں۔گرفتار افراد کی مدد کرنے والے اور انہیں سہولتیں و سیکیورٹی فراہم کرنے والے دیگر عناصر کے خلاف بھی این سی آئی اے نے مزید قانونی کارروائیاں شروع کر دی ہیں تاکہ اس غیر قانونی نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

این سی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ سائبر کرائم کے خلاف مربوط حکمت عملی کے تحت اس طرح کے غیر قانونی کاروبار کا مکمل خاتمہ کرے گا تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور سائبر جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔

Shares: