پاکستان کے معروف ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی سے ملک کا نام روشن کر دیا۔ کراچی میں جاری نیشنل گیمز کے جیولن تھرو مقابلوں میں ارشد ندیم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

ارشد ندیم نے 81.81 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جس نے ایک بار پھر ان کی فارم اور عالمی معیار کے مقابل کھڑے ہونے کی صلاحیت کو ثابت کیا۔ مقابلوں کے دوران شائقین کی بڑی تعداد ان کی تھرو پر جوش و خروش سے تالیوں کی گونج میں نظر آئی۔جیولن تھرو ایونٹ میں واپڈا کے ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے سلور میڈل جیتا۔ یاسر سلطان کی بہترین تھرو 70.77 میٹر رہی، جو ان کی محنت اور مستقل مزاجی کا واضح ثبوت ہے۔اسی ایونٹ میں پاکستان آرمی کے ابرار علی نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ساتھ برانز میڈل اپنے نام کیا۔ ابرار علی نے ابتدائی راؤنڈز میں مستحکم پرفارمنس دکھائی اور مقابلے کے آخری لمحات تک میڈل کی دوڑ میں شامل رہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی متاثر کن نمائشی تھرو کی تھی، جو مہمانِ خصوصی بلاول بھٹو زرداری کے سامنے پیش کی گئی۔ ارشد کی اس پرفارمنس نے نہ صرف شائقین بلکہ معزز مہمانوں سے بھی داد وصول کی۔

Shares: