اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) لائیو سٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو پنجاب کے سلسلہ میں گائے و بھینس دودھ اور خوبصورتی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی اور مہمان اعزاز شرکت کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین، ڈی جی لائیو سٹاک ایکسٹینشن ڈاکٹر محمد اشرف، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اوکاڑہ ڈاکٹر حق نواز علی سمیت بفلو بریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت کسانوں، مویشی پال اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پروگرام کے شرکا نے جانوروں کی بہترین افزائش کے لیے خوراک، ونڈا اور علاج معالجہ کے لیے ادویات کے مختلف سٹالز کا تفصیلی وزٹ کیا۔ جانوروں کی خوبصورتی کے مقابلوں میں نیلی راوی، بہن چولستانی بیل، گائے، کجلی بھیڑ، راجن پوری، گجراتی، فیصل آبادی، مکھی چینی، ٹیڈی اور ناچی بیتل بکریوں کی پریڈ کا مظاہرہ پیش کیا گیا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں کی گائے اور بھینسوں کے دودھ دینے کے بھی مقابلوں کا بھی شاندار انعقاد کیا گیا۔

ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ مقابلہ جات میں شریک بریڈرز کا جوش و خروش واقعی دیدنی ہے۔ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے لائیو سٹاک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ لائیو سٹاک کی ترقی اور فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں محکمہ لائیو سٹاک میں انقلابی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام اور شائقین کے لیے خوبصورت جانور دیکھنے کا بہترین موقع فراہم کیا گیا ہے۔

سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ہارس اینڈ کیٹل شو عرصہ بعد دوبارہ انعقاد کیا گیا ہے۔ لائیو سٹاک ملکی معیشت کا بڑا ستون ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک مویشی پال کو دودھ گوشت کی اضافی پیداوار کے ذریعے روزگار کے بہتر مواقع فراہم کر رہا ہے۔ جانوروں کے دودھ اور خوبصورتی مقابلہ جات کا پروگرام بھی اس سلسلہ کی اہم کڑی ہے۔

کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محکمہ لائیو سٹاک کی بہتری کی جانب خصوصی فوکس کیے ہوئے ہیں۔ شاندار پروگرام کے انعقاد پر سیکرٹری لائف سٹاک اور انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ ہمیں کسانوں اور مویشی پال کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

پروگرام کے اختتام پر سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل نے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کو یادگاری شیلڈز دیں۔ مہمانوں نے شجرکاری مہم کے تحت انسٹیٹیوٹ کے لان میں پودے بھی لگائے۔

Shares: