لاہور: تیرھویں نیشنل جو جٹسو چیمپئن شپ 2022 واپڈا نے جیت لیا۔ واپڈا کے کھلاڑیوں نے جیت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مینز اور ویمنز، دونوں اعزاز اپنے نام کیے۔ چمپئن شپ کا انعقاد نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں کیا گیا۔
چمپئن شپ کے مقابلے پانچ کیٹیگریز میں ہوئے جن میں مجموعی طور پر 28 ایونٹس ہوئے۔ مقابلوں میں واپڈا کے کھلاڑیوں نے 14 گولڈ، 8 سلور، اور 5 برونز میڈل حاصل کیے۔ چمپئن شپ میں 4 میڈلز جیتنے والی واپڈا ویمنز ٹیم کی کائنات عارف کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
فائنل مقابلوں کے نتائج کے مطابق پاکستان نیوی نے دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 9 ٹیموں نے حصہ لیا جن میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان، اسلام آباد ، پولیس ، نیوی اور واپڈا شامل ہیں۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب کے وزیر کھیل تیمور مسعود تھے جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور میڈلز تقسیم کیے۔