نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا، جہاں پاک فوج کے افسران نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس اہم دورے کا مقصد شرکاء کو ملکی سرحدوں کے دفاع سے متعلق زمینی حقائق سے آگاہ کرنا اور ان کے قومی و دفاعی شعور میں اضافہ کرنا تھا۔
دورے کے دوران پاک فوج کی جانب سے شرکاء کو ایک جامع بریفنگ دی گئی جس میں چکوٹھی سیکٹر کی جغرافیائی اہمیت، دفاعی حکمتِ عملی، سیکورٹی اقدامات اور بھارتی افواج کی جانب سے درپیش خطرات کے تناظر میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر روشنی ڈالی گئی۔بریفنگ کے دوران افسران نے بتایا کہ چکوٹھی سیکٹر میں پاک فوج نے کئی مواقع پر جانفشانی، قربانی اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کو مؤثر انداز میں روکا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ یہاں تعینات افواج ہر دم مستعد اور ہمہ وقت دفاعِ وطن کے لیے تیار ہیں۔
شرکاء نے دورے اور بریفنگ کو نہایت معلوماتی، متاثرکن اور آنکھیں کھول دینے والا تجربہ قرار دیتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں کے جذبۂ قربانی، عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دورے قومی یکجہتی اور دفاعی شعور کو فروغ دینے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے اس دورے کو ایک مثبت اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملک کی سرحدوں کی اصل صورتحال اور محافظوں کی لازوال قربانیوں سے براہ راست آگاہی حاصل ہوئی۔یہ دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہری، خصوصاً بلوچستان کے نمائندے، وطنِ عزیز کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کی سالمیت و خودمختاری کے تحفظ کے لیے ایک پُرعزم سوچ رکھتے ہیں۔