ملک کے کونے کونے میں بجلی کے بلوں میں ناجائزاضافہ اورمہنگائی کے خلاف احتجاج

بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف مختلف تاجر تنظیموں کی جانب سے آج ملک بھر میں احتجاج اور ہڑتال جاری ہے۔

سیالکوٹ ،ڈیرہ اسماعیل خان،ڈیرہ غازیخان،کراچی، پشاور، سرگودھا،میہڑ، گوجرخان،شیخوپورہ(نمائندگان باغی ٹی وی+ ویب نیوز)ملک کے کونے کونے میں بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے،جس سے ملک بھر میں چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بند ہیں اورپنجاب بار کونسل نے بھی مہنگائی کےخلاف ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے وکلا نے عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیاہے

سیالکوٹ –

سیالکوٹ سے باغی ٹی وی کے سٹی رپورٹر شاہد ریاض کی رپورٹ کے مطابق ہڑتال مرکزی انجمن تاجراں کے ہدایت پر کی گئی
دکانیں،مارکیٹیں اور بازار بند رہے،انجمن تاجران نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کر ریلیف فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔بھاری بھرکم بجلی کے بل کہاں سے ادا کریں،مزدور دو وقت کے نوالے کو ترس رہا ہے،دوسری طرف سیالکوٹ میں وکلاء برادری نے بھی مکمل ہڑتال کر رکھی ہے،آج کوئی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوا.
سیالکوٹ میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کے زیر اہتمام پٹرول بجلی اور اشیاء کی مہنگائی کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی گئی،ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ،جن پر مہنگائی کے زمہ دار حکمرانوں کے خلاف نعرے درج تھے ریلی کے شرکا کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کو خود کشی پر مجبور کر دیا ہے،حکمرانوں کی شہ خرچیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے۔ ملک میں مہنگائی ،پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے جینا مشکل کر دیا ہے۔ شرکا ریلی نے کہاحکومت فوری طور پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ واپس لے۔

ڈیرہ اسماعیل خان

ڈیرہ اسماعیل خان سے باغی ٹی وی کے نامہ نگاراحمدنوازمغل کی رپورٹ کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی مہنگائی اور بجلی بلوں و پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف شٹر ڈائون ہڑتال کی اپیل پر ڈیرہ اسماعیل خان میں ہڑتال کا ملاجلا رجحان تھا،

جماعت اسلامی ڈیرہ کے زیر اہتمام ضلعی امیر جماعت اسلامی منظر مسعود خٹک ، زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ، عقیل ڈمرہ ، صدر مرکزی انجمن تاجران سہیل احمد اعظمی ، سینئر نائب صدر چوہدری جمیل احمد ،محمد شفیق انفوزون، مرکزی تاجر اتحاد کے صدر حامد علی رحمانی ، جنرل سیکرٹری اشفاق چغتائی ، حاجی خالد ناز ودیگر کی قیادت میں ڈیرہ پریس کلب سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ، یہ ریلی مسگراں بازار ، چوگلیہ ، کلاں بازار اور توپانوالہ چوک پہنچ کر مظاہرے میں تبدیل ہوگئی ،

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ، غریب خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں ، حکمران اپنی عیاشیاں اور فضول خرچیاں بند کریں

ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان سے باغی ٹی وی کے نیوز رپورٹر شاہد خان کی رپورٹ مطابق آج ڈیرہ غازیخان شہر کے تمام بازاراورمارکیٹیں بند کر دی گئی ہیں
سابقہ اورموجودہ حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیوں اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف آج ڈیرہ غازی خان کی تاجر برادری اور عوام نے تمام کاروبار اور دکانیں بند کر کے ہڑتال کر رکھی ہے

ڈیرہ غازی خان کی تاجر برادری اور عوام نے باغی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اس وقت معاشی لحاظ سے بہت کمزور ہو گیا ہے دوسری جانب آئی ایم ایف سے کیے ہوئے معاہدوں کی وجہ سے بجلی اور پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں غریب آدمی کے پاس اس وقت ایک ٹائم کے کھانے کے پیسے نہیں ہیں ، مہنگی بجلی پٹرول اور خورد ونوش چیزوں کے خلاف ہمارا جہاد جاری رہے گا اور ہم اس جدوجہد سے اپنا حق ان حکمرانوں سے لیں کر رہیں گے ۔

ڈیرہ غازی خان کے تمام تاجر برادری نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ پاکستانیوں ظلم کے خلاف متحد ہو جاؤٴ اور ان حکمرانوں سے اپنا حق چھین کر حاصل کرو ورنہ تمہیں ساری زندگی اسی طرح مہنگائی کی چکی میں پسنا پڑے گا

میہڑ:

میہڑسے باغی ٹی وی کے نامہ نگارمنظورعلی جوئیہ کی رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی خلاف جماعت اسلامی، شہری اتحاد،سندھ یونائیٹڈ پارٹی اورعوام نے احتجاجی ریلی نکال کر واپڈا آفیس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا ،رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے عوام کا جینا محال کردیا ہے غریب دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں

نگراں حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں ، کرپشن ملک کے لئے ناسور بن گئی ہے، دیہاڑی دار مزدور خودسوزی کرنے پر مجبور ہیں- بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی قمر توڑ دی ہے عام آدمی سخت پریشان ہیں حکومت اپنے ظالمانہ اقدام بند کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے نہیں تو عوام کا سمندر سب کو بہا کرلےجائے گا

کراچی:

کراچی میں مہنگائی کے خلاف شہریوں کا شاہ لطیف ٹاون میں احتجاج ریکارڈ کروایا، جس کے باعث نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

سرگودھا:

جماعت اسلامی کی شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال پر تاجر دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئے۔صدر انجمن تاجران شیخ ندیم خاور کا کہنا ہے کہ شٹرڈاؤن ہڑتال میں حصہ لیں گے لیکن ریلی نہیں نکالیں گے۔جنرل سیکرٹری انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے کہنے پر ہڑتال نہیں کریں گے، بلکہ آل پاکستان انجمن تاجران ہڑتال کا اعلان کرے تو حمایت کریں گے۔

گوجرخان:

گوجرخان باغی ٹی وی کے نامہ نگار شیخ ساجد قیوم کی رپورٹ کے مطابق گوجرخان میں بھی بجلی بلوں میں اضافے اور ٹیکسوں کی بھر مار کے خلاف ھفتہ کے روز مکمل طور پر شڑ ڈاون اور پہیہ جام ھڑتال کی گئی شہر کے تمام چھوٹے بڑے بازار کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے، شہر میں بیکریاں اور مٹھائی کی دکانیں بھی احتجاج میں بند رہیں، مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ گوجرخان اور گوجرخان تاجر اتحاد نے تمام کاروبار مکمل طور پر بند رکھے

مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ گوجرخان کے صدر راجہ محمد جواد اور گوجرخان تاجر اتحاد کے صدر مرزا محمد وقاص نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ شہر بھر کا دورہ کیا اور کہا کے آج کی مکمل ہڑتال نے ثابت کر دیا کے تاجر بجلی بلوں میں بہیمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہیں

شیخوپورہ ،فیصل آباد،راولپنڈی ،پشاور،عارف والا،چیچہ وطنی،ٹھٹہ،حافظ آباد،لوئر دیر،بنوں،جیکب آباد،شکر گڑھ،گوجرہ،بہاولپور،مظفرگڑھ ودیگرملک کے کئی شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتاکی گئی –

Leave a reply