ایوانِ صدر اسلام آباد میں خصوصی تقریب کے دوران صدر آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے کمانڈر میجر جنرل حمید عبداللہ الرمیثی کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔

ایوان صدر کے مطابق یہ اعزاز ان کی شاندار خدمات اور کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ کمانڈر کا دورہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے یو اے ای کی بحریہ کی جانب سے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت پر اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اماراتی ہم منصبوں کی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات عوامی روابط کی بدولت مزید مستحکم ہوئے ہیں اور اسلام آباد یو اے ای کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

پریس ریلیز کے مطابق میجر جنرل الرمیثی نے بتایا کہ ان کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں کیونکہ انہوں نے کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی سے گریجویشن کے دوران 4 سال ملک میں گزارے۔

میجر جنرل الرمیثی کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے ملاقات

دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے دورے میں میجر جنرل الرمیثی نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ملاقات میں پیشہ ورانہ معاملات اور عالمی و علاقائی جیو اسٹریٹجک ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون خصوصاً بحری تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔میجر جنرل الرمیثی نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار، کامیابیوں اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔واضح رہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں، یو اے ای مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار اور ترسیلات زر کا اہم ذریعہ ہے۔

ایران سے جوہری معائنوں پر مذاکرات میں پیشرفت، آئی اے ای اے چیف پرامید

سندھ میں کل عام تعطیل کی افواہیں بے بنیاد، تمام تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے

نیپال: کرپشن اور سوشل میڈیا پابندی کے خلاف مظاہرے، 19 ہلاک

نواز اور مریم نواز سے بنگلادیشی مشیر کی ملاقات، تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

Shares: