کوئٹہ: جمہوری وطن پارٹی کے اہم رہنما نوابزادہ گہرام بگٹی کو پولیس نے بگٹی ہاؤس ڈیرہ بگٹی سے حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق نوابزادہ گہرام بگٹی کی گرفتاری ایک اہم کارروائی کا حصہ ہے، جس کے تحت انہیں ڈیرہ بگٹی سے حراست میں لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ڈیرہ بگٹی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ گہرام بگٹی کو حراست میں لینے کے بعد انہیں 30 روز کے لیے جیل منتقل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گہرام بگٹی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔گہرام بگٹی کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا ہے جس کے احکامات ڈی سی ڈیرہ بگٹی نے جاری کئے تھے، نوابزادہ گہرام نے گرفتاری کیلئے آنے والی پولیس کو بغیر مزاحمت گرفتاری دے دی
یاد رہے کہ نوابزادہ گہرام بگٹی نے بلوچستان حکومت کے خلاف ایک اہم لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا تھا، جس کا مقصد صوبے میں جاری سیاسی اور معاشی بحرانوں کی طرف توجہ دلانا تھا۔ گہرام بگٹی کے اس اعلان کے بعد حکومت نے ان کی گرفتاری کے لیے سخت اقدامات کیے تھے، اور بالآخر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔