لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف اہلِ خانہ کے ہمراہ اپنے آبائی قبرستان پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے مرحوم والدین، اہلیہ بیگم کلثوم نواز اور دیگر عزیزوں کی قبور پر حاضری دی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف نے قبور پر پھول چڑھائے اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جس میں خاندان کے افراد سمیت قریبی رفقاء نے بھی شرکت کی۔اہلِ خانہ اور شرکاء نے بیگم کلثوم نواز، میاں محمد شریف اور دیگر مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی قرآن خوانی کی، جبکہ محفل میلادِ مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اس محفل میں قرأت اور نعت خوانی پیش کی گئی، جس سے ماحول روحانی فضاء میں ڈھل گیا۔
دعائیہ تقریب کے دوران امتِ مسلمہ کی کامیابی، پاکستان میں امن و ترقی، خوشحالی اور شہدائے وطن کے بلند درجات کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں،اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور مقامی افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے شریف برادران کے ساتھ مل کر مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔