نواز شریف کا سیاسی ڈیرہ کامیاب ؟ تجزیہ ؛ شہزاد قریشی

نواز شریف خود مسلم لیگ (ن) کی صدارت کا عہدہ بھی سنبھالیں گے
qureshi

تجزیہ: شہزاد قریشی

سالوں پہلے بابائے سیاست نواب زادہ نصر اﷲ مرحوم کا لاہور میں سیاسی ڈیرہ مقبول ترین تھا وہاں سیاستدانوں کی تربیت بھی ہوتی تھی۔ وہ اپوزیشن کرنے کے ماہر بھی تھے اپوزیشن اتحاد اسی ڈیرے پر بنتے تھے وہ ہر طرح کے حالات میں جمہوریت اور سیاست کو زندہ رکھتے تھے۔ اب میاں محمد نواز شریف نے لاہور ہی میں سیاسی ڈیرہ آباد کیا ہے لاہور کی سیاسی رونقیں بحال ہوئی ہیں بالخصوص مسلم لیگ (ن) کی سیاسی رونقیں بحال ہوئیں، نواز شریف خود مسلم لیگ (ن) کی صدارت کا عہدہ بھی سنبھالیں گے۔ گزشتہ دنوں انہوں نے خطاب میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز جو ریٹائرڈ ہوگئے شکوہ کیا کہ کروڑوں عوام کے منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کی سزا دی گئی کروڑوں عوام کی ووٹ کی پرچی معزز ججوں نے پھاڑ کر پھینک دی۔ انہوں نے سابقہ چیف جسٹس کی آڈیو کا بھی ذکر کیا۔ میاں محمد نواز شریف کا سیاسی ڈیرہ کامیاب ہوگا اس کی بہت ساری وجوہات ہیں تاہم مسلم لیگ (ن) میں حسینی اور یزیدی ٹولہ موجود ہے اور تمام دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح مخبروں اور خوشامدیوں کی بھی خاصی تعداد موجود ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کا جب عام آدمی سے رابطہ نہ رہے تو وہ مقبولیت کھو دیتی تاہم آپ قومی مجرم نہیں آپ نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا پاکستان کے دفاع کو مستحکم کیا۔ قوم کے لئے موٹر ویز‘ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع‘ کالجوں اور یونیورسٹی میں میرٹ پر داخلے‘ نیو ایئرپورٹ‘ وزارت علیٰ سے لیکر وزارت عظمیٰ تک ملک و قوم کی خدمت ‘ آئین اور قانون کی حکمرانی‘ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ملک بھر میں نئے ڈیمز بنانے کے منصوبے‘ کراچی میں امن‘ سی پیک‘ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ‘ یقیناً قوم کو یہ سب یاد ہے۔ قوم آج بھی آپ کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے تاہم آپ خود قوم کے پاس جائیں۔

Comments are closed.