وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دانستہ طور پر کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے اور پچھلے تین دنوں سے مسلسل ٹمپریچر بڑھا رہا ہے۔
باغی ٹی وی کے مطابق انہوں نے خبردار کیا کہ "اللہ نہ کرے کہ معاملہ نیوکلیئر سطح تک چلا جائے۔” نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وہ تین مرتبہ وزیراعظم رہ چکے ہیں، وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ایٹمی دھماکے بھی انہی کے دور میں ہوئے۔ نواز شریف صلح جو شخصیت ہیں اور ہمیشہ امن و مفاہمت کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دونمبری کر رہا ہے اور پاکستان کے خلاف مسلسل اشتعال انگیزی میں مصروف ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے مشترکہ دوست ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، لیکن موجودہ حالات میں دونوں ممالک بند گلی میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جارحانہ حکمت عملی کے باعث پاکستان کے پاس جوابی آپشنز محدود ہو چکے ہیں، تاہم پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
خواجہ آصف نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ "آج ڈرونز آئے، کل جہاز آئے تھے، ہم اپنا دفاع کریں گے۔ جو بھی انیشیٹو لیں گے، وہ دفاعی نوعیت کا ہوگا۔ ہم مزید اس طرح کی صورتحال برداشت نہیں کریں گے۔” بھارت بیک آف نہیں کر رہا، اور اگر یہی صورتحال رہی تو پاکستان جواب دے گا۔ "ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کی غیر جانب دار تحقیقات کرائے۔ بھارت دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی کارروائیاں کر رہا ہے۔ وہ چاہے تو کسی بھی ملک سے تحقیقات کروالے، ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔”
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کو جواب کب دینا ہے، یہ فیصلہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ کرے گی۔ "اگر میں ابھی جواب دے دوں تو یہ دو منٹ میں ساری دنیا میں پھیل جائے گا۔” ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ایڈوائزری سطح پر روابط ممکن ہیں، لیکن مجھے اس کی تفصیلات کا علم نہیں۔بھارت میں سکھ کمیونٹی خوش نہیں، اور جو کچھ پلوامہ میں کیا گیا، ویسا ہی کچھ پنجاب میں ہو رہا ہے۔ "مودی صرف بھارت ہی نہیں، پوری دنیا کے امن کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ اس نے کینیڈا اور امریکا کے امن کو بھی متاثر کرنے کی کوشش کی۔”خواجہ آصف نے زور دیا کہ آبی ذخائر کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ پاکستان نے اپنی توجہ مکمل طور پر دفاعی تیاریوں پر مرکوز کر رکھی ہے اور ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
بھارت کے ڈرون حملوں کی شدیدمذمت کرتے ہیں، ایم پی پی
مودی حکومت کی سچ بولنے والے ہزاروں "ایکس” اکاؤنٹس بلاک کرنے کی درخواست
پاک بھارت کشیدگی، سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ کل پاکستان کا دورہ کریں گے
آئی پی ایل میچ کے دوران اچانک لائٹس بند ، میچ منسوخ








