نواز شریف کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے میں کوئی حرج نہیں، لیکن ماضی کی طرح نہ بھیجا جائے

0
54
Qamar Zaman Kaira

پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ مشکلات کا حل کسی ایک سیاسی جماعت کے پاس نہیں، بلکہ تمام جماعتوں کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے پیپلز پارٹی کی تاریخ پر روشنی ڈالی، کہ جب پیپلز پارٹی بنی تھی، اس وقت ملک مارشل لاء کے زیر اثر تھا اور قوم مشکلات کا شکار تھی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور قوم کے حوصلے بلند کیے، حالانکہ ملک اس وقت ٹوٹ رہا تھا۔قمر زمان کائرہ نے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کا شکار ہے اور غریب عوام اپنے گھریلو بلز اور بچوں کی فیسیں ادا نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچایا، جبکہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر ہر شخص کو اس کا حق دینے کا عزم رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی مسائل کا حل تمام جماعتوں کے مشترکہ اقدامات سے ہی ممکن ہے۔ ہمیں آپس میں لڑنے کی بجائے ملک کے عوام کے حقوق کے لیے لڑنا ہوگا اور مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ قمر زمان کائرہ نے ٹیکس ادائیگی کی ضرورت پر بھی زور دیا، کیونکہ ملک کی آمدنی کم اور اخراجات زیادہ ہیں۔ انھوں نے دہشت گردی کے واقعات پر سیاستدانوں کی طرف سے دیئے گئے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی بھی مذمت کی۔ بلوچستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے مسائل کا حل بلوچستان کے اندر سے ہی نکلنا چاہیے۔ نواز شریف کے علاج کے لیے باہر جانے کا ذکر کرتے ہوئے، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر نواز شریف علاج کے لیے باہر جاتے ہیں تو کوئی حرج نہیں، لیکن انہیں ماضی کی طرح نہ بھیجا جائے۔

Leave a reply