سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز برطانیہ میں ٹیکس ڈیفالٹر قرار، 5.2 ملین پائونڈ جرمانہ عائد کر دیا گیا
برطانوی ٹیکس اتھارٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز پر 5.2 ملین پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ جرمانہ 5 اپریل 2015 سے 6 اپریل 2016 کے دوران 9.4 ملین پاؤنڈ ٹیکس کی عدم ادائیگی کے باعث عائد کیا گیا ہے۔برطانوی حکومت کی جانب سے حسن نواز کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات حال ہی میں سرکاری ویب سائٹ پر شیئر کی گئی ہیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ چند ماہ میں دیوالیہ قرار پانے کے باوجود حسن نواز سے اس جرمانے کی وصولی کا امکان موجود ہے، کیونکہ برطانوی قوانین کے مطابق دیوالیہ ہونے کے باوجود ٹیکس چوری کے جرمانے معاف نہیں ہوتے۔برطانوی قوانین کے تحت اگر کوئی شخص قرضے میں ڈوبا ہو تو اسے معاف کیا جا سکتا ہے، لیکن ٹیکس چوری پر عائد جرمانے کا معاملہ مختلف ہے۔ ان حالات میں حسن نواز کے اثاثے ضبط کیے جا سکتے ہیں تاکہ جرمانے کی رقم کی وصولی کی جا سکے۔
حسن نواز کی جانب سے اس جرمانے کے خلاف ابھی تک کوئی قانونی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔