اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری کی اہلیہ کا انتقال ہوگیا ہے۔ ان کی وفات کی خبر سے سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نیئر حسین بخاری کی اہلیہ کی نماز جنازہ آج شام 4 بجے مل پور مری روڈ اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے نیئر حسین بخاری کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مرحومہ کی روح کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے بھی نیئر حسین بخاری کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس غم کی گھڑی میں ان کی تمام تر ہمدردیاں نیئر بخاری اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے سیکریٹری جنرل اور سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ مرحومہ ایک نہایت نیک اور شفیق خاتون تھیں جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن اور قیادت سید نیئر حسین بخاری کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
نیئر حسین بخاری کی اہلیہ کی وفات پر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی ان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ اس غم کی گھڑی میں پارٹی قیادت اور کارکنوں کی جانب سے نیئر بخاری کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی اس دکھ کی گھڑی میں سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی کے ساتھ اپنی ہمدردیوں کا اظہار کیا ہے اور ان کی اہلیہ کی روح کے لیے دعائیں کی ہیں۔مرحومہ کی وفات کے بعد ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے اور سیاسی و سماجی شخصیات نیئر حسین بخاری کے ساتھ ان کے دکھ میں شریک ہیں۔