نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں علیحدہ علیحدہ کارروائیاں کرتے ہوئے دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جو سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں کرنے اور بلیک میل کرنے میں ملوث تھے۔

این سی سی آئی اے اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق، ایجنسی نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا ہے جو سوشل میڈیا پر خود کو خاتون ظاہر کرتا تھا۔ ملزم جعلی پروفائلز کے ذریعے مرد حضرات کو بات چیت میں الجھاتا اور بعد ازاں نازیبا مواد حاصل کرتا تھا۔ اس غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور ایک مشتبہ سم کارڈ برآمد کی گئی ہے، جس سے بظاہر کئی افراد کو بلیک میل کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق، این سی سی آئی اے کوئٹہ یونٹ نے ایک اور کامیاب کارروائی میں ائیرپورٹ روڈ کے علاقے سے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے، جو ایک خاتون کو بلیک میل کرنے میں ملوث تھا۔ دوران تفتیش ملزم کے موبائل فون سے متاثرہ خاتون کی متعدد نازیبا ویڈیوز اور تصاویر برآمد ہوئی ہیں، جنہیں وہ بلیک میلنگ کے لیے استعمال کر رہا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور ممکنہ طور پر ان کے دیگر ساتھیوں یا متاثرین کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ایجنسی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی سائبر کرائم ونگ یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ سائبر کرائمز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ملک بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Shares: