گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات عوام کو سموگ اور فضائی آلودگی کے خطرناک اثرات سے بچانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ علاقے میں قائم کینن انٹرپرائزز اینڈ میٹل ورکس کی بھٹیاں مسلسل زہریلا دھواں چھوڑ رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف تعلیمی ادارے بند ہیں۔

اہلِ علاقہ اور قرب و جوار کے رہائشی سانس کی بیماریوں، دمہ، پھیپھڑوں کے امراض، آنکھوں میں چبھن، الرجی اور دل کے امراض جیسے شدید مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات شہر کو سموگ اور آلودگی سے پاک کرنے اور صنعتی یونٹس کو رہائشی علاقوں سے باہر منتقل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔ کینن انٹرپرائزز اینڈ میٹل ورکس اور شیخوپورہ روڈ پر قائم دیگر فیکٹریاں زہریلا دھواں چھوڑ کر عوام کی صحت کے لئے خطرہ بن چکی ہیں۔

عوامی شکایات کے مطابق متعدد فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کو سیل کیے جانے کے بعد کچھ ہی دیر میں دوبارہ کھول دیا جاتا ہے۔ بااثر فیکٹری مالکان ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران کو مبینہ طور پر رشوت دے کر کارروائی سے بچ جاتے ہیں۔

عوام نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری، ڈی جی ماحولیات اور سیکرٹری ہیلتھ سے فوری نوٹس لے کر غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سموگ اور فضائی آلودگی کے اس عذاب سے نجات حاصل کی جا سکے۔

Shares: