دریائے سندھ کے کوٹری بیراج سے نکلنے والی کے بی فیڈر نہر کو 25 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف انجینئر محکمہ ایری گیشن کوٹری بیراج نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ نہر کی بندش 20 دسمبر سے 15 جنوری تک جاری رہے گی، نہر کی یہ عارضی بندش کراچی کے کے فور پراجیکٹ کی تکمیل کے سلسلے میں ضروری کاموں کے سبب کی جارہی ہے، تاکہ آئندہ برس شہر کو زیادہ اور معیاری پانی فراہم کیا جاسکے۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق کلری بگھار فیڈر کینال پراہم مرمتی اور توسیعی کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ ان کاموں کے باعث نہر کے بہاؤ میں عارضی تعطل رہے گا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات مستقبل میں کراچی کو پانی کی مسلسل اور بہتر فراہمی کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔

ایری گیشن حکام کا کہنا ہے کہ کام کی رفتار بڑھانے کیلئے خصوصی انجینئرنگ ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں جبکہ نہر کی بندش کے دوران متبادل انتظامات پر بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ کاشتکاروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو،منصوبے کے بعد نہر کی گنجائش میں اضافہ ہوگا اور کراچی کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Shares: