وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نیٹ میٹرنگ کو ختم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی بلکہ اس کے موجودہ طریقہ کار کو زیادہ مؤثر، شفاف اور پائیدار ماڈل میں تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے، تمام فیصلے قومی مفاد اور توانائی نظام کی طویل مدتی پائیداری کو مدنظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔
اویس لغاری نے یہ بات پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) میں نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ میں منتقلی سے متعلق مشاورتی اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں سولر انڈسٹری کے ماہرین، سرکاری اداروں، صوبائی حکومتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ 2017-18 میں نیٹ میٹرنگ کے آغاز میں خود ان کا کردار رہا ہے، اور اب اس نظام کے گرڈ پر اثرات دیکھے جا رہے ہیں جن کا بروقت حل ناگزیر ہے۔ حکومت کسی بھی صارف یا کاروبار کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی بلکہ قیمتوں میں خودکار ایڈجسٹمنٹ جیسے آپشنز پر بھی غور جاری ہے تاکہ نرخوں میں اتار چڑھاؤ کے مطابق نظام خود کو ایڈجسٹ کر سکے۔
اویس لغاری کے مطابق اگر نیٹ میٹرنگ صارفین تین سال یا اس سے کم عرصے میں سرمایہ واپس حاصل کر رہے ہیں تو یہ ایک موزوں تجارتی ماڈل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اصلاحات حوصلہ شکنی کے لیے نہیں بلکہ ایک متوازن اور مستحکم نظام کی بنیاد رکھنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مہنگے اور غیر ضروری 9000 میگاواٹ کے منصوبے بند کیے، جبکہ کیپٹو پاور صارفین پر لیوی عائد کر کے انہیں گرڈ کی طرف لایا گیا جس سے طلب میں اضافہ ہوا۔ جون 2024 سے اب تک صنعت کو دی جانے والی 174 ارب روپے کی کراس سبسڈی کے باعث صنعتی نرخوں میں 31 فیصد کمی آئی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ مختلف صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 14 سے 18 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بڑے آئی پی پیز سے معاہدوں پر دوبارہ بات چیت کی جس کے نتیجے میں نرخوں میں واضح کمی آئی ہے، اور طویل المدتی منصوبوں میں صرف ضروری منصوبے شامل کیے جا رہے ہیں۔
اویس لغاری کے مطابق حکومت کے پاس 7000 میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے، جو بغیر کسی سبسڈی کے 7 سے 7.5 سینٹ میں صنعت و زراعت کو دی جا سکتی ہے۔ اس اسکیم کی منظوری کے لیے چھ ماہ سے آئی ایم ایف سے مشاورت جاری ہے، جس کا مقصد بجلی کی رسد و طلب کا توازن قائم رکھنا اور صارفین کو فائدہ پہنچانا ہے۔
ایران میں قتل ہونے والے 8 مزدوروں کے لواحقین کو 10 لاکھ فی خاندان امداد
گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ متعدد بلوں کی توثیق کر دی
برطانیہ، موسم سرما ایندھن ادائیگی اسکیم میں توسیع کا عندیہ، مزید افراد مستفید ہوں گے
کراچی میں ٹینکر ڈرائیور کی ٹریفک اہلکار کو اغوا کرنے کی کوشش، تصادم میں 3 اہلکار زخمی








