سیالکوٹ،ڈسکہ،باغی ٹی وی (بیورورپورٹ+نامہ نگار)ڈسکہ میں ترقیاتی منصوبے آخری مراحل میں داخل،عوامی مسائل کے حل کا وعدہ پورا کریں گے – میاں ذیشان رفیق
تفصیل کے مطابق ڈسکہ میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھانے کا دعویٰ کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ شہر کی سڑکوں، گلیوں، سیوریج اور اسٹریٹ لائٹس کے درجنوں منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔ ان منصوبوں کی بدولت ڈسکہ کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے گلہ تیلیاں والا، محلہ راجپوتاں، محلہ موتی مسجد اور محلہ حق پورہ میں ٹف ٹائلز اور اسٹریٹ لائٹس کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما محمد عظیم بٹ، ندیم بٹ اور دیگر معززین سمیت کثیر تعداد میں عوام موجود تھے۔
میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست ہمیشہ خدمت اور ترقی کی ضمانت رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام اور ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن جیسے منصوبے صوبے کی ترقی کی جانب اہم اقدامات ہیں، جن کا دائرہ کار جلد ڈسکہ تک بھی بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نکاسی آب کے لیے 77 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ڈرین منصوبہ بھی تکمیل کے قریب ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کے معیار پر عوام کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے منصوبوں کی کوالٹی چیک کی جا سکتی ہے۔
مزید برآں انہوں نے مہنگائی میں کمی اور ملکی معیشت میں بہتری کے دعوے کرتے ہوئے سابق حکومت پر کرپشن اور انتشار کے الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کے مسائل حل کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر ملک کی خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے دعائیں کی گئیں۔








