لاہور(خالدمحمودخالد) حالیہ پاک بھارت جنگ میں ناکامی کے بعد بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے گزشتہ روز ایک نئی فوجی بریگیڈ کی تشکیل کا اعلان کیا جسے رودرا کا نام دیا گیا ہے۔ کارگل وار میموریل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل دویدی نے کہا کہ رودرا کے تحت انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرمرڈ یونٹس، آرٹلری، اسپیشل فورسز اور بغیر پائلٹ کے فضائی یونٹس ایک جگہ پر ہوں گے تاکہ سب کو مناسب لاجسٹک اور جنگی مدد فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے ایک اسپیشل اسٹرائیک فورس ‘بھیرو لائٹ کمانڈو یونٹ’ تشکیل دی ہے جو سرحد پر حملہ آور کو حیران کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہے گی۔ جنرل دویدی نے کہا کہ ہر انفنٹری بٹالین میں اب ایک ڈرون پلاٹون ہے۔ توپ خانے میں شکتیبن رجمنٹ قائم کی گئی ہے، جو ڈرون، کاؤنٹر ڈرون اور دیگر جنگی سازوسامان سے لیس ہوگی۔ ہر رجمنٹ میں ان چیزوں سے لیس ایک کمپوزٹ بیٹری ہوگی۔ اپنے چھ جدید طیارے گرائے جانے کا ذکر کئے بغیر بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہماری ائر فورس صلاحیت میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا کیونکہ فورس کو فضائی دفاعی نظام سے لیس کیا جا رہا ہے۔

Shares: