ننکانہ صاحب( باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز )ننکانہ ہسپتال میں کرپشن کا نیا باب،بجلی کی ڈبل لائن،23 لاکھ روپے کا ڈیزل، پیسے کہاں گئے؟
تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں بدعنوانی کا ایک نیا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے سرکاری فنڈز میں 23 لاکھ روپے کی خرد برد کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ہسپتال میں بجلی کی مسلسل ترسیل کے لیے ڈبل لائن ہر شفٹ میں فراہم کی گئی ہے، مگر اس کے باوجود ایم ایس ڈاکٹر عمران شاہ اور ان کی ٹیم نے سابقہ مالی سال کے آخری تین ماہ (اپریل، مئی اور جون) میں مبینہ طور پر پی او ایل ہیڈ میں جنریٹر کے تیل کی مد میں 23 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں، جو کہ سراسر بوگس بل بنائے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ اس وقت ایم ایس ڈاکٹر عمران شاہ کی سربراہی میں مبینہ طور پر کرپشن کی مد میں لاکھوں روپے کا چونا لگا چکی ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پنجاب حکومت کی طرف سے آنے والی کروڑوں روپے کی رقم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔ معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بڑے پیمانے پر تحقیقات کی جائیں تو مزید انکشافات سامنے آئیں گے۔
شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راﺅ سے انکوائری اور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔