نیو کراچی سیکٹر 8 اے میں واقع ایک گارمنٹ فیکٹری میں پیر کی صبح اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں فیکٹری کی تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔ آتشزدگی کے باعث قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دھوئیں کے بادل دور دور تک دکھائی دیے۔
سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایک ایمبولینس اور پانچ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ فائرفائٹرز کی جانب سے آگ پر قابو پانے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں کپڑے اور دیگر کیمیائی مواد موجود تھا جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور عمارت منٹوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے متعدد افراد کے پھنسنے کا امکان ہے۔
ایس ایس یو کمانڈوز بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں اور دیگر ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور قریبی سڑکوں پر ٹریفک بند کر دی گئی ہے تاکہ ریسکیو آپریشن میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔تاحال جانی و مالی نقصان کے حوالے سے سرکاری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔