ڈیرہ غازی خان ( باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر)ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے مشترکہ پریس بریفنگ میں بلوچستان جانے والی ٹرانسپورٹ کے لیے سخت سیکیورٹی ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ ڈی پی او سید علی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت نئے اقدامات متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اب بلوچستان جانے والی ہر مسافر کوچ میں دو مسلح سیکیورٹی گارڈز کی موجودگی لازمی ہو گی جبکہ تمام مسافر گاڑیاں قافلے کی صورت میں پولیس سیکیورٹی کے ساتھ روانہ کی جائیں گی۔ مزید برآں، بس اڈوں پر روانگی سے قبل مسافروں اور ڈرائیورز کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی، اور ہر گاڑی میں سی سی ٹی وی کیمرہ، جی پی ایس سسٹم اور ایمرجنسی کال سسٹم کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ شام پانچ بجے کے بعد کسی بھی گاڑی کو بلوچستان کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس پابندی کا مقصد سیکیورٹی کو مزید موثر بنانا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضابطہ کار ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے مطابق مسافر کوچز صرف دن دو بجے تک روانہ ہو سکیں گی جبکہ مال بردار اور دیگر گاڑیوں کو شام پانچ بجے سے پہلے ہی بلوچستان میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان پولیس اور ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان تمام اقدامات کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور پرامن سفر کی فراہمی ہے۔

Shares: