آئندہ برس بھارت دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہوگا:پاکستان کی آبادی دنیا کی آبادی کا 3 فیصد ہے

0
43

جنیوا:اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی آبادی 8ارب سے بڑھ گئی ہے، آئندہ سال بھارت چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے زیادہ آبای والا ملک بن جائے گا۔

پاکستان کی آبادی دنیا کی آبادی کا تین فیصد ہے اور یہاں شرح پیدائش 3.6 فیصد ہے، پاکستان ان 8 ملکوں میں سے ایک ہے جہاں 2050 تک دنیا کی آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ موجود ہوگا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی آبادی 8 ارب تک پہنچنے کو انسانی ترقی کی راہ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے، 2030 تک دنیا کی آبادی ساڑھے 8 ارب ہو جانے کا امکان ہے جبکہ آبادی 2050میں 9.7 ارب اور2100 میں 10.4ارب ہوجائے گی، عالمی آبادی کی موجودہ تعداد 1950 میں 2.5 ارب عالمی آبادی کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔

یو این رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 1950 کے بعد سے دنیا کی آبادی سست ترین شرح سے بڑھ رہی ہے جبکہ 2020 میں آبادی کے اضافے کی شرح میں ایک فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعدادو شمار کے مطابق عالمی آبادی کو 7 ارب سے 8ارب ہونے میں 12سال لگے۔ تاہم آبادی میں اضافے کی شرح میں کمی کے باعث آبادی کو 8 سے 9 ارب ہونے میں 15سال لگیں گے۔

اندازے کے مطابق 2037 میں دنیا کی آبادی 9ارب ہو جائے گی۔ دنیا کی 8 ارب آبادی کا نصف حصہ ایشیا میں ہے۔ ایشیائی ممالک چین اور بھارت سب سے زیادہ آبادی والے ممالک ہیں۔ دونوں کی آبادی 1.4 ارب سے زیادہ ہے۔

1426ملین آبادی کے ساتھ چین دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک ہے۔ جبکہ بھارت کی آبادی اس سے صرف تھوڑی سے کم 1412ملین ہے، تاہم چین کی آبادی میں اضافے کی شرح بہت کم ہوچکی ہے جس کے باعث 2023 میں بھارت چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔

اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کی برانچ چیف ریچل سنو نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ 1960 کی دہائی کے اوائل میں اپنے عروج کے بعد دنیا کی آبادی میں اضافے کی شرح میں ڈرامائی طور پر کمی واقع ہوئی، شرح فرٹیلیٹی میں مسلسل کمی کی وجہ سے 2050 تک یہ تعداد ممکنہ طور پر 0.5 فیصد تک گر سکتی ہے۔

Leave a reply