بلوچستان کے متعدد اضلاع میں قومی شاہراہوں پر رات کے وقت سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ ان نوٹیفکیشنز کے مطابق، بلوچستان کی اہم قومی شاہراہوں پر شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشنز میں کہا گیا ہے کہ کچھی، موسیٰ خیل، ژوب، گوادر اور نوشکی سمیت مختلف علاقے اس پابندی کے تحت آئیں گے۔ ان شاہراہوں پر سفر کے لیے سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔خاص طور پر سبی شاہراہ، ژوب ڈی آئی خان شاہراہ اور کوسٹل ہائی وے پر بھی رات کے اوقات میں سفر کرنا منع ہوگا۔ اس کے علاوہ، کوئٹہ تفتان شاہراہ اور لورالائی ڈیرہ غازی خان شاہراہ پر بھی رات کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
یہ پابندیاں بلوچستان میں پبلک ٹرانسپورٹ پر ہونے والے فائرنگ کے واقعات اور مسافروں کی ہلاکتوں کے بعد لگائی گئی ہیں۔ حالیہ دنوں میں گوادر کے علاقے میں بس سے اتار کر 6 مسافروں کو قتل کرنے کے دل دہلا دینے والے واقعے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس سے قبل، کوئٹہ سے رات کے اوقات میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔بلوچستان کے حکام کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے اور اس سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔