وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے گلگت بلتسان بس فائرنگ کے واقعے پر شہداء اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ کارروائی ہے،ملک دشمن عناصر گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں،دہشت گردوں کی فائرنگ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے۔ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے مزید بلند کر دیتی ہیں،ملک دشمن گلگت بلتستان جیسے پرامن علاقے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں،پاکستانی قوم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں حملہ آوروں نے مسافر بس کوفائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد جاں بحق اور دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملنے والی معلومات کے مطابق، نامعلوم حملہ آوروں نے بس پر بندوق سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بس آگ لگ گئی۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ نشانہ بننے والی بس وادی غذر سے راولپنڈی جارہی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 26 زخمیوں کو ضروری طبی امداد کے لیے ریجنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گلگت بلتستان کے قصبے چلاس سے متصل علاقہ ہڈور کے قریب شاہراہِ قراقرم سے گزرنے والی بس پر فائرنگ کیے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ امدادی ادارے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں مسافر بس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے سبب خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔
صورتحال پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور ایک گھیرا قائم کر کے واقعے کی مزید تفتیش کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

نگران وزیر داخلہ کا چلاس واقع پر دلی افسوس کا اظہار
Shares: